دوسری قسط میں 11 ستمبر 2001ء کے تناظر میں امریکی مسلمانوں کی جدوجہد کو پیش کیا گیا ہے۔ bmf.org کے عبد الجبار ) مائیکل ٹومی( کے خیال میں یہ جدوجہد دو طرح کی ہے۔پہلی بات تو یہ کہ امریکی مسلمان کو اپنے اندر جھانکنے کی ضرورت محسوس ہوئی کہ وہ خدا کے ساتھ اپنے تعلق کو استوار کر سکیں ۔ یہاں زیادہ تر وہ مسلمان آباد ہیں جِنہوں نے مسلمان کے گھر جنم لیا۔ یعنی مسلمان بننے کے لیے اُنہوں نے کوئی شعوری تگ و دو نہیں کی۔ وہ اب اِس بات کو محسوس کرنے لگے ہیں کہ یہ نا کافی ہے۔ اِسی لیے وہ پہلی مرتبہ باقاعدہ قرآن شریف کو پڑھ اور سمجھ کر ہدایت حاصل کرنا چاہتے ہیں اور عبادات سیکھ رہے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ یوں سمجھ لیں کہ امریکی مسلمان اصلی اسلام کو نئے سرے سے اختیار کر رہے ہیں۔دوسری طرف11 ستمبر 2001ء کے بعد یہاں کے کچھ مسلمانوں کو چُپ سی لگ گئی ہے۔ باہر سے ایسا محسوس نہیں بھی ہوتا لیکن ایسے اشخاص کے اندر کا حال یہی ہے۔وہ طبیعت میں خاموش اور الگ تھلگ رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔